پاکستانی حکام نے سبسڈی میں کمی کرنے اور نجکاری کے لیے ٹائم فریم دینے پر آمادگی کا اظہار کیا

 آئی ایم ایف پروگرام کی مدت اور قرض کی رقم بڑھانے پر بھی مثبت بات چیت رہی، ذرائع

اسلا م آباد (ویب نیوز)

پاکستان نے آئی ایم ایف کے زیادہ تر مطالبات تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)اور پاکستان کے درمیان مذاکرات دوسرے روز بھی جاری رہے جس کے لیے سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک دوحہ میں موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ابھی تکنیکی سطح کے مذاکرات ہیں جو 23مئی تک جاری رہیں گے جبکہ ابتدائی مذاکرات میں پاکستان نے آئی ایم ایف کے زیادہ ترمطالبات تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے سبسڈی میں کمی کرنے اور نجکاری کے لیے ٹائم فریم دینے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا بتاناہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی مدت اور قرض کی رقم بڑھانے پر بھی مثبت بات چیت رہی۔