کوئٹہ  (ویب نیوز)

بلوچستان میں 34 میں سے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ  اتوار کو ہوگی ۔الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں تمام انتظامات مکمل کر لئے،پولنگ عملہ اورسامان پولنگ سٹیشنوں پر پہنچا دیا گیاجبکہ پرامن اور بلاتعطل پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان بنایا گیا ،پولیس، لیویز، انسداد دہشت گردی فورس، فرنٹئیر کور (ایف سی)کو پولنگ سٹیشنز کے اطراف تعینات کیا جائے گا ، انتخابات میں حصہ لینے والے مرد و خواتین امیدواروں کی تعداد 16 ہزار 195 ہے۔صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 132 خواتین امیدوار عام نشستوں پر براہ راست حصہ لے رہی ہیں، جہاں پر ان کے مدمقابل مرد امیدوار ہیں، زیادہ تر خواتین امیداروں کا تعلق ضلع سبی سے ہے۔32 اضلاع میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 20 لاکھ 43 ہزار 828 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 70 ہزار 896 ہے۔یاد رہے کہ انتخابات کا انعقاد مئی 2019 میں کیا جانا تھا لیکن اس وقت کی صوبائی حکومت نے عدالت سے حکم امتناع لینے کے بعد بلدیاتی اداروں کو چلانے کے لیے ایڈمنسٹریرز تعینات کردیئے تھے۔