اللہ تعالی نے موقع دیا تو خیبرپختونخوا کو پنجاب بناوں گا۔وزیراعظم شہباز شریف

ہزارہ ڈویژن کے لیے علیحدہ الیکٹرک کمپنی ، مانسہرہ کے لیے میڈیکل کالج کا اعلان

مانسہرہ  میں خطاب میں ضلع مانسہرہ کے لیے ایک ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا اعلان

مانسہرہ( ویب  نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے موقع دیا تو خیبرپختونخوا کو پنجاب بناوں گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہزارہ ڈویژن کے لیے علیحدہ الیکٹرک کمپنی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سے یہاں رہنے والوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔شہباز شریف نے مانسہرہ کے لیے میڈیکل کالج کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع مانسہرہ کے لیے ایک ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے صوبے میں سستا آٹا بھی مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔آج جب ہزارہ موٹروے سے گزرا تو ہر دم نواز شریف کو یاد کیا کہ واقعی نواز شریف پاکستان کا معمار ہے۔انھوں نے ملک میں تعمیر کیے گئے دیگر ترقیاتی منصوبوں اور شاہراہوں کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے پتا چلتا ہے کہ کیسے دن رات نواز شریف نے ملک کی ترقی کے لیے دن رات محنت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو پنجاب بنا کر چھوڑوں گا۔ انھوں نے عوام سے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ پشاور لاہور کی طرح بن جائے اور خیبرپختونخوا پنجاب بن جائے تو پھر جھوٹے وعدے کرنے والے کو مسترد کر دیں اور تعمیر کرنے والے کو ووٹ دیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نیازی گالیاں دیتا ہے اور میں اس کا جواب نہیں دیتا، میں نوجوانوں کو اگلے بجٹ میں فری لیپ ٹاپ دونگا۔شہباز شریف نے جلسے میں پاکستان، قائداعظم اور نواز شریف زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شخص خزانہ خالی چھوڑ گیا ہے، اب دن رات محنت کریں گے، نواز شریف کی قیادت میں، خون پسینہ گرائیں گے اور پاکستان کو خوشحال کریں گے۔ انہوں نے   کہا کہ پشاور کو لاہور کی طرح ترقی دلانی ہے تو آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انا پرست، جو یوٹرن لیتا ہے، مہنگائی آسمانوں سے باتییں کرتی رہے، غربت میں اضافہ ہوا، ایک اینٹ نہیں لگائی، دو کروڑ نوکریاں دور کی بات ایک نوکری نہیں دی ، لاکھوں لوگ بیروزگار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلو کہ تعمیر کرنے والا نواز شریف ہے یا عمران خان۔ اور اس شخص سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا فیصلہ کرنا ہوگا آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ زندگی لگا دوں گا اور آپ کو خوشحال بناں گا۔