فسادی مارچ کو کسی صورت اسلام آباد داخل نہیں ہونے دیں گے، رانا ثناء اللہ

ملک کو فسادی جتھوں اور شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جاسکتا

امن و امان کیلئے اسلام آباد پولیس اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کو مزید مالی،تکنیکی وسائل اور لیگل سپورٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے

پولیس کی تنخواہیں اور الائونسز کو پنجاب پولیس کے مساوی کیا جائے گا،

فرنٹئیر کانسٹیبلری کو بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کیلئے ضروری تربیت بھی فراہم کی جائے گی

حکومت دارالحکومت کی فول پروف سکیورٹی کیلئے لاہور کی طرز پر اسلام آباد سیف سٹی کو جدید ترین بنانے کا ارادہ رکھتی ہے

امن و امان کی یقینی بنانے کے ساتھ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے بھی اسلام آباد میں کیمروں کی کوریج کو 100 فیصد کررہے ہیں

وزیر داخلہ کا اسلام آباد پولیس اورفرنٹئیر کانسٹیبلری کی آپریشنل استعداد کاربڑھانے کے حوالے سے اجلاس میں اظہار خیال

اسلام آباد( ویب  نیوز)

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے، ملک کو فسادی جتھوں اور شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جاسکتا۔ بدھ کو وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس اورفرنٹئیر کانسٹیبلری کی آپریشنل استعداد کاربڑھانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت کمانڈنٹ فرنٹیر کانسٹیبلری صلاح الدین محسود، آئی جی پولیس اسلام آبادڈاکٹر اکبر ناصر، چیف کمشنر اسلام آبادعامر احمد علی اور دیگراعلی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ امن و امان کیلئے اسلام آباد پولیس اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کو مزید مالی،تکنیکی وسائل اور لیگل سپورٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پولیس کی تنخواہیں اور الائونسز کو پنجاب پولیس کے مساوی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پولیس کے شہداء پیکیج کے ایک ارب کے بقایاجات فی الفورادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ فرنٹئیر کانسٹیبلری کو بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کیلئے ضروری تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ حکومت دارالحکومت کی فول پروف سکیورٹی کیلئے لاہور کی طرز پر اسلام آباد سیف سٹی کو جدید ترین بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور امن و امان کی یقینی بنانے کے ساتھ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے بھی اسلام آباد میں کیمروں کی کوریج کو 100 فیصد کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے فسادی مارچ کے شرپسندوں کی پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکاورں پر تشدد اور حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ پیشہ وارانہ طریقے سے ہینڈل کرنے پر اور امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے پولیس، رینجرز اور ایف سی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔