راولپنڈی  (ویب نیوز)

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام  دو روزہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپو شروع ہو گئی ہے، دو روزہ نمائش میں ٹیکنالوجی ، روبوٹس، ڈرون ٹیکنالوجی، لاجسٹک، طبی سامان اور یونیورسٹیز کی جانب سے آئی ٹی سروسز سے متعلقہ مختلف مصنوعات کے سٹالز لگائے ہیں، نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر سیفران سینیٹر طلحہ محمود نے کیا جبکہ اس موقع پر ڈین آف ایمبیسڈر ترکمانستان کے سفیر، اتد جان مولاموف، چیف  کمشنر ان لینڈ ریونیو محمد اقبال ، عاصم شہریار ، سی ای او IGNITE، انجمن تاجران کے نمائندے شاہد غفور پراچہ، سابق صدور آر سی سی آئی، سینئر نائب صدر عاصم ملک، نائب صدر طلعت اعوان، چیئرمین ایکسپو راجہ عامراقبال، ایگزیکٹو ممبران سمیت چیمبر ممبران اور آئی ٹی کمپنیوں کے عہدے دراران اور ینگ آئی ٹی انٹرپرنیورز کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر طلحہ محمود نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے، آئی ٹی کا شعبہ اہم ہے، ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس اور ایکسپو انعقاد پر راولپنڈی چیمبر مبارکباد کا مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو آگے آ کر حکومت کا ہاتھ بٹانا چایئے ، بزنس اور ایجوکیشن کا آپس میں گہرا رشتہ ہے، انڈسٹری ایکیڈیمیہ کو ترقی دے کر ہی ملک خوشحالی کی طرف جا سکتا ہے، ہمیں آمدن بڑھانے کی ضرورت ہے، حکومت اور تاجر برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا۔ پاکستان بلاشبہ قدرتی ذخائر سے مالامال ملک ہے، مناسب مینجمنٹ کی ضرورت ہے، ملک دوست پالیسیوں کے لیے چیمبر تجاویز دے،اس سے پہلے صدر چیمبر ندیم رئوف نے اپنے خطاب میں کہا آئی ٹی ایک ابھرتا شعبہ ہے  پاکستان کی سالانہ ایکسپورٹ آئی ٹی شعبے میں صرف چار ارب ڈالر کے قریب ہیں جبکہ بھارت کئی گنا آگے جاچکا ہے، گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ کاروباری برادری پالیسیوں کا تسلسل چاہتی ہے،بجٹ آ رہا ہے، ہماری توقع ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ترجیح بنیاد پر سہولیات دی جائیں گی، چیئرمین ایکسپو راجہ عامر اقبال نے کانفرنس اور ایکسپو کے اغراض و مقاصد، پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کے سکوپ، ترجیحات اور پوٹینشل پر تفصیل سے بریفنگ دی۔ کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، آٹو میشن ، روبوٹکس اور انڈسٹری اکیڈیمیہ تعلق کے موضوع پرپینل ڈسکشن بھی کی گئی۔