فیصل آباد (ویب نیوز)

فیصل آباد کے تاجروں کے مطالبہ پر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے فوری طور پر 30۔اپریل تک کے DLTL کے ساڑھے40 ارب روپے کے ریفنڈ کلیم ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ سیلز ٹیکس کے ریفنڈ بھی فاسٹ ٹریک پر ادا کئے جائیں۔اس امرکافیصلہ اُنہوں نے   فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ کی قیادت میں ملنے والے وفدکے دوران کیا۔ جس میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر، ڈاکٹر مصدق ملک، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری اور ایف بی آر کے نمائندے بھی موجود تھے۔ تاجروں کے وفد میں سینئر نائب صدر عمران محمود شیخ، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی کے ریجنل چیئرمین شفیق رفیع، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ریجنل چیئرمین کاشف ضیائ، فیصل آباد چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر خرم طارق، ڈائیز اینڈ کیمیکلزمرچنٹس ایسوسی ایشن کے شاہد مجید، آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سنٹرل چیئرمین عارف احسان ملک اور فیصل آباد چیمبر کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد بھی شامل تھے۔ وزیر خزانہ نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور یقین دلایا کہ صنعتی فیڈروں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا جائے گا۔ پیٹرول کی قیمت میں دوبارہ اضافہ کے بارے میں وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ اضافہ ناگزیر تھا اور معیشت کو بچانے کیلئے اس کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ حکومت کو معیشت کی ٹھوس بنیادوں پر بحالی کیلئے جامع اور طویل المدتی پالیسی تیارکرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سبسڈی نہیں مانگتے لیکن حکومت کا فرض ہے کہ وہ برآمدات بڑھانے کیلئے ہمیںیکساں مواقع  فراہم کرے۔