فیصل آباد( ویب نیوز )

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے تمام ٹیکسوں کو یکجا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی صنعتوں کے قیام  کے لئے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جو ابھی تک پوری طرح فعال نہیں ہوئی تاہم یہ ایک اچھا اور مثبت اقدام ہے جبکہ اسی طرز پر تمام وفاقی، صوبائی اور مقامی ٹیکسوں کو یکجا کر کے وصول کیا جائے تاکہ ٹیکس دہندگان کو بار بار مختلف نوعیت کے ٹیکسوں  کے لئے بینکوں اور سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ہی جگہ تمام ٹیکسوں کی ادائیگی سے انہیں بار بار ٹیکسوں کی ادائیگی سے نجات ملے گی اور وہ اپنا وقت اور توجہ صنعتی پیداوار اور برآمدات بڑھانے پر دے سکیں گے۔ انہوں نے مزید یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائیں جائیں اور آئندہ بجٹ کے اعلان سے قبل اس عمل کو مکمل کر لیا جائے ۔ انہوں نے ٹیکسوں کے غیر منصفانہ نظام کی وجہ سے امیر اور غریب میں بڑھتے ہوئے فرق پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بلواسطہ ٹیکسوں کی بجائے براہ راست ٹیکسوں کے حجم کو بڑھایا جائے اور خاص حد سے زائد کمانے والے ہر شخص سے ٹیکس وصول کیا جائے اور استثنیٰ کی پالیسیوں کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پالیسیوں کی وجہ سے امیر اور غریب سے یکساں سیلز ٹیکس صول کیا جارہا ہے حالانکہ ان میں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد پر ٹیکس عائد ہی نہیں ہوتا مگر اُن سے بھی امیر لوگوں کے برابر سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے خسارہ میں چلنے والے پبلک سیکٹر کے اداروں کو فوری نجکاری کا بھی مطالبہ کیا تاکہ اُن پر قومی خزانہ سے خرچ ہونے والی رقم کو بچایا جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ان اداروں کی فوری نجکاری کے مطالبے کو بھی دوہرایا ۔