بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا، عوام واپڈا اور حکومت کو کوسنے لگے، ،شہری پانی سے بھی محروم

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی کی ضالمانہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس بھی بے سودہو کر رہ گیا ،ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہونے کے بعد لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے تک پہنچ گیا، بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 793 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔محکمہ توانائی کے مطابق ملک میں بجلی بحران سنگین ہوگیا شارٹ فال 7 ہزار 793 میگاواٹ کی سطح تک پہنچ گیا، ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار207 میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی مجموعی طلب 27 ہزار میگا واٹ ہے، پانی سے 4 ہزار 344 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 190میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 10ہزار 520 میگا واٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس ایک ہزار 107 میگا واٹ سولر پلانٹس سے 119 میگا واٹ پیدا کررہے۔بگاس سے چلنے والے پلانٹس 178 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے ایک ہزار 749 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ اسلام آباد ریجن میں 6 سے 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، دیہات اور زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا، شدید گرمی کے مارے عوام واپڈا اور حکومت کو کوسنے لگے، بجلی کی بندش سے شہری پانی سے بھی محروم ہو گئے۔