روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ذریعے حجاج کرام کا اسلام آباد سے سعودی عرب روانگی کا سلسلہ جاری

عازمین کی کسمٹز کلیرینس، سیکورٹی اور ایمیگریشن کلیرنس کا تمام عمل اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہی مکمل کیا جا رہا ہے

سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا

آئندہ سال روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو مزید بڑھانے کا اعلان،سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد (ویب نیوز)

روڈ ٹو مکہ منصوبے کے ذریعے حجاج کرام کا اسلام آباد سے سعودی عرب روانگی کا سلسلہ جاری ہے، عازمین حج کی کسمٹز کلیرینس، سیکورٹی اور ایمیگریشن کلیرنس کا تمام عمل اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی مکمل کیا جا رہا ہے،سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے خود نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا ۔ جمعہ کے روز سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا، ایئرپورٹ پر تعینات عملے سے بات چیت بھی کی ،سعودی سفیر نے سعودی امیگریشن کاونٹرز کا بھی جائزہ لیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ  روڈ ٹومکہ منصوبے کا مقصد پاکستانی عازمین کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، منصوبے کے تحت عازمین حج کی کسمٹز کلیرینس، سیکورٹی اور ایمیگریشن کلیرنس کا تمام عمل ایئرپورٹ پر ہی مکمل کیا جا رہا ہے، ابتدائی طور پر پاکستانی وزارت حج سے مل کر اسلام آباد،ایئرپورٹ پر سہولیات دی جارہی ہیں۔ سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پراجیکٹ کو مزید بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال اس آپریشن کا دائرہ کار پاکستان کے دیگر ایئرپورٹس تک بڑھایا جائے گا ، سہولیات کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزارت مذہبی امور کے مشکور ہیں، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ذریعے چھے ہزار سے زائد حجاج کرام کو سعودی عرب بھجوایا جا چکا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ منصور شاہد کا کہنا تھا حج آپریشن چار زوالحجہ تک جاری رہے گا، مجموعی طور پر 15 ہزار حجاج کو اس منصوبے کے زریعے بھجوایا جائے گا۔ دوسری جانب سعودی عرب جانے والے حجاج کرام روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے انتہائی مطمئین دکھائی دیئے۔