پی ٹی آئی دورکی رپورٹ پر ایف اے ٹی نے پاکستانی ایکشن پلان کومکمل قراردیا، عمران خان

امید ہے ایکشن پلان پر مکمل کام کی تصدیق کے لیے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ٹیم کا دورہ پاکستان بھی کامیابی سے گزر جائے گا

حماد اظہر کی قیادت میں میری تشکیل کردہ  ایف اے ٹی ایف رابطہ کمیٹی نے دن رات کام کر کے ملک کو بلیک لسٹ ہونے سے بچایا، ٹویٹ

فیصلہ ہوگیا ہے کہ پاکستان اب گرے لسٹ میں نہیں ہوگا،قریشی

اسلام آباد( ویب  نیوز)

تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے فیٹف فیصلے کا کریڈٹ اپنی حکومت کو دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے نہ صرف ملک کو بلیک لسٹ ہونے سے بچایا بلکہ ایکشن پلان کو بھی مکمل کیا، پی ٹی آئی دورکی رپورٹ پر ایف اے ٹی نے پاکستانی ایکشن پلان کومکمل قراردیا۔ جمعہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میںعمران خان نے کہا کہ  پاکستان کو فروری 2018 میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کی طرف سے گرے لسٹنگ کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور اس دوران سب سے چیلنجگ مرحلہ ایکشن پلان مکمل کرنا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ہمیں ادارے کی طرف سے بلیک لسٹ کیے جانے کے شدید امکانات کا سامنا کرنا پڑا، عالمی ادارے کے ساتھ ہماری ماضی کی تاریخ بھی سازگار نہیں تھی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنے سب سے اہم وزیر حماد اظہر کی سربراہی میں ایف اے ٹی ایف رابطہ کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی میں ایکشن پلان سے متعلقہ تمام سرکاری محکموں اور سکیورٹی ایجنسیوں کی نمائندگی تھی، بلیک لسٹ ہونے سے بچنے کے لیے افسران نے دن رات کام کیا۔  عمران خان نے کہ  اس دوران ایف اے ٹی ایف نے با رہا ہمارے کام کی تعریف کی اور میری حکومت نے سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا، ہم نے نہ صرف ملک کو بلیک لسٹ ہونے سے بچایا بلکہ 34 میں سے 32 ایکشن پلان کو بھی مکمل کیا، ہماری حکومت نے اپریل میں باقی 2 آئٹمز پر تعمیل کی رپورٹ پیش کی جس کی بنیاد پر ایف اے ٹی ایف نے اب پاکستان کے ایکشن پلان کو مکمل قرار دیا۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ مجھے یقین ہے ہمارے ایکشن پلان پر مکمل کام کی تصدیق کے لیے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ٹیم کا دورہ بھی کامیابی سے گزر جائے گا، حماد اظہر، کمیٹی اور دیگر کام کرنے والے افسران نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پورے ملک کو آپ پر فخر ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلنے  پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ہوگیا ہے کہ پاکستان اب گرے لسٹ میں نہیں ہوگا، فیٹف کا دورہ پاکستان رسمی ہوگا، فیٹف کی تمام شرائط پر عمل درآمد ہوگیا ہے، فیٹف اکتوبر میں باضابطہ اعلان کرے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں پاکستان گرے لسٹ میں شامل ہوا تھا، تمام شرائط پرعمل ہوگیا، اب گرے لسٹ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں تھا، بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کرانے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔