صاف شفاف انتخابات نہیں ہوئے تو ملک میں انتشار پھیلے گا، عمران خان

ہم اس وقت تک احتجاج کرتے رہیں گے جب تک صاف اور شفاف الیکشن کی تاریخ نہیں ملتی

 امریکی سازش میں یہاں کے میر جعفر میر صادق ملے، بارودی سرنگوں والا پاکستان ہمیں ملا تھا، دباو کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کیں،خطاب

اسلام آباد( ویب  نیوز)

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات نہیں ہوئے تو ملک میں انتشار پھیلے گا،ہم اس وقت تک احتجاج کرتے رہیں گے جب تک صاف اور شفاف الیکشن کی تاریخ نہیں ملتی ، امریکی سازش میں یہاں کے میر جعفر میر صادق ملے، بارودی سرنگوں والا پاکستان ہمیں ملا تھا، ہم نے آئی ایم ایف کے دباو کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کیں۔ مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اعلان کیا کہ شفاف انتخابات نہیں ہوئے تو ملک میں انتشار پھیلے گا، صاف اور شفاف الیکشن کے لیے ہم سب مل کر جدوجہد کرتے رہیں گے، جدوجہد اور جہاد ہماری بہتری کیلئے ہوتا ہے، ظلم کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں تو اپنی بہتری کرتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں پٹرول 12 روپے لٹر بڑھا تو مہنگائی مارچ کیا گیا، ہم جب اقتدار میں آئے تو اس وقت ملک بہت مشکل میں تھا، یہ لوگ پاکستان کو خسارے میں چھوڑ کر گئے تھے، ہمارے اقتدار میں آنے کے بعد ہی کورونا آگیا تھا، جس کے باعث ہمیں مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا، مگر ہم نے پھر بھی ملک کی معیشت کو سنبھالا اور اسے آگے کی طرف لے کر گئے،بارودی سرنگوں والا پاکستان ہمیں ملا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے 10 روپے کم کیں، بجلی فی یونٹ 5 روپے سستی کی، یہ کہتے ہیں عالمی مہنگائی ہے، عالمی مہنگائی تو پچھلی گرمیوں سے ہے، ہم نے آئی ایم ایف کے دبا وکے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کیں، انہوں نے ریکارڈ مہنگائی کردی، امپورٹڈ حکومت ابھی نرخ مزید بڑھائے گی،ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے کسان متاثر ہوگا، کسان متاثر ہوگا تو فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ ہوگا، ہم آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے ہیلتھ کارڈ دیا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ فیٹف سے نکلنے کے لیے سب نے مل کر جدوجہد کی تھی اسی وجہ سے پاکستان فیٹف کے مسئلے کو حل کرپایا ہے، اس کے لیے حماد اظہر نے بڑی کوششیں کی ہیں، امریکی سازش میں یہاں کے میر جعفر میر صادق ملے ، نیوٹرلز کو بتایا تھا حکومت کو ہٹایا گیا تو ملک سنبھالا نہیں جائے گا۔ پی ٹی آئی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایف نائن پارک اور راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ میں احتجاج کیا گیا، جب کہ کراچی میں شاہراہ قائدین پر، لاہو رمیں لبرٹی چوک، فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک، ملتان میں چوک شاہ عباس اور پشاور میں ہشت نگری میں احتجاج کیا گیا، گوجرانوالہ، کوئٹہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، صادق آباد، دادو، سکھر، سیالکوٹ، جیکب آباد، باجوڑ،سوات ،دیر،ہنزہ اوربونیرمیں بھی احتجاج کیا گیا