پنجاب اسمبلی اراکین کے مالیاتی اثاثوں کی تفصیلات جاری،سب سے زیادہ مال دار علیم خان، ایک ارب70  کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ 43 لاکھ،سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار5کروڑ 80 لاکھ کے مالک نکلے، الیکشن کمیشن نے تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد(ویب نیوز)

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے اراکین کے مالیاتی اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ 43 لاکھ سے زائد جبکہ سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار5کروڑ 80 لاکھ سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں، سب سے زیادہ امیر ترین، سابق رکن صوبائی اسمبلی علیم خان ہیں جن کے کل مالیاتی اثاثے ایک ارب70  کروڑ سے زائد ہیں۔  پیر کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے  اراکین پنجاب اسمبلی کے مالیاتی اثاثوں کی تفصیلات جاری کی گئیں، الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ 43 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، الیکشن کمیشن میں جمع تفصیلات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے 13 کروڑ 64 لاکھ کے 11 رہائشی گھر ظاہر کئے ہیں، حمزہ شہباز کی3  زرعی زمینوں کی مالیت 3 کروڑ 97 لاکھ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے خود کو 9 کروڑ 71 لاکھ روپے کا مقروض بھی ظاہر کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق  حمزہ شہباز کی پہلی اہلیہ مہروالنسا 50 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں جبکہ حمزہ شہباز کی دوسری اہلیہ رابعہ حمزہ 3 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے ہیں،عثمان بزدار نے گھر اور زرعی زمین کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر علیم خان سب سے زیادہ مالدار نکلے ہیں، علیم خان کے کل مالیاتی اثاثے ایک ارب 70  کروڑ سے زائد ہیں، سابق صوبائی وزیر مراد راس 38 لاکھ روپے کے اثاثوں جبکہ میاں محمود الرشید 18 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔  الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ 23 کروڑ 14 لاکھ کے اثاثوں کے مالک نکلے  ہیں، پرویز الہی نے 6کروڑ 78  لاکھ کی غیر زرعی زمین ظاہر کی ہے ، فلور مل کی مالیت 99 لاکھ روپے ظاہر کی، پرویز الہی کی اہلیہ 10 کروڑ کے اثاثوں کی مالک ہیں۔ اسی طرح اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان 1 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، سبطین خان نے زرعی اراضی کی مالیت ظاہر نہیں کی،صوبائی وزیر اویس لغاری 44 کروڑ کے اثاثوں کے مالک نکلے ہیں۔