آزادکشمیر کے آمدہ بجٹ، ترقیاتی عمل اور مستقبل کی پیش بندیوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیاگیا
وزیراعظم آزادکشمیر کی چیئرمین پی ٹی آئی کوآزادکشمیر کے بجٹ، حکومتی امور اورتحریک انصاف حکومت کے اب تک کے اقدامات بارے بریفنگ
اسلام آباد (ویب نیوز)
سابق وزیراعظم پاکستان و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے وزیراعظم آزادکشمیر و صدر پی ٹی آئی سردار تنویر الیاس خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزادکشمیر کے آمدہ بجٹ، ترقیاتی عمل اور مستقبل کی پیش بندیوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم آزادکشمیرسردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوآزادکشمیر کے بجٹ، حکومتی امور اورتحریک انصاف حکومت کے اب تک کے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت محدود وسائل کے باوجود اپنا پہلا عوام دوست بجٹ پیش کرنے جارہی ہے۔ تحریک انصاف کے منشور اور آپ کے ویژن کے مطابق آزادخطہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے، نچلے طبقے کو اوپر لانے اور تمام حلقوں میں بلاتخصیص تعمیر وترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ کلین اینڈ گرین کشمیر مہم کے تحت آزادکشمیر کے تمام شہروں میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔ عوام کی عزت نفس کو بحال رکھنے کیلئے سرکاری دفاتر کیلئے ضابطہ اخلاق لایاگیا ہے۔ آزادکشمیر کی آمدن میں اضافہ کیلئے سیاحت پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے۔ بجٹ میں بھی سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار میسر آنے کے ساتھ ساتھ ریاست کی آمدن میں اضافہ ہو۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ جب آپ(عمران خان) وزیراعظم پاکستان تھے تو اس وقت آپ نے آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت کو مختص بجٹ سے زیادہ فنڈز دیے لیکن موجودہ وفاقی حکومت ہمارے بجٹ پر کٹ لگا نے جارہی تھی جس پر ہم نے فوراکوششیں کیں اور ہمیں ریلیف ملا تاہم وفاقی حکومت نے بجٹ کے حوالہ سے ہماری سوفیصد ڈیمانڈ پوری نہیں کی۔حالیہ مہنگائی کی شدید لہر کا اثر بھی آزادکشمیر کے ترقیاتی عمل پر پڑیگا تاہم ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے حکومت آزادکشمیر نے سخت ہدایات جاری کررکھی ہیں۔ سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات کے ساتھ ساتھ نئے منصوبے بھی بجٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ تحریک انصاف تبدیلی کا نام ہے، عوام کو حقیقی معنوں میں تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ تحریک انصاف سے لوگوں کو توقعات وابستہ ہیں انہیں بہرصورت پورا کیا جائے اور لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ آزادکشمیر میں سیاحت کا بہت پوٹینشل ہے اور یہ شعبہ آزادخطہ سے بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ سیاحت کے شعبے کی ترقی پر خصوصی فوکس کیا جائے۔ عمران خان نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کو ڈیزائن کرتے وقت ان کے ماحولیاتی اثرات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور قدرتی ماحول پر اثر انداز ہونے والے کسی بھی منصوبے کی اجازت نہ دی جائے، صحت اور تعلیم کو بھی ترجیحات میں رکھاجائے، قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ عمران خان نے کہاکہ جنگلات کے ہونے والے نقصانات کو پورا کرنے کیلئے نئے درخت لگائے جائیں۔ جنگلی حیات نایاب ہورہی ہیں ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ عمران خان نے کہاکہ اوورسیز کشمیریوں کے مسائل حل کیے جائیں جس پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے انہیں بتایا کہ اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اوورسیز کمیشن کو فعال بنایا جارہا ہے۔