کراچی  (ویب نیوز)

اپٹما سربراہ گوہر اعجاز نے کہاہے کہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ سیکٹر کو گیس کی بندش تشویشناک ہے۔ ایک بیان میں گوہر اعجاز نے کہا کہ عید کی وجہ سے جولائی میں 15 سے 20 دن صنعت بند رہے گی، گیس نہ ملنے سے ہمارے برآمدی آرڈرز منسوخ ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس نہ ملنے سے ایک سے 2 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ متاثر ہوسکتی ہے، صنعت کو چلنے دیں، زرمبادلہ ٹیکسٹائل سے ہی ملتا ہے۔دوسری جانب کراچی کے صنعت کاروں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کرنا انتہائی تباہ کن ثابت ہوگا۔کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت کراچی کی تمام ٹاون ایسوسی ایشنز نے وزیراعظم شہباز شریف سے گیس کی عدم فراہمی کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر کراچی کی صنعتوں کو طلب کے مطابق گیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو صنعتیں مکمل طور پر تباہ ہوجائیں گی۔