فیسوں میں اضافہ کو معقول بنایا جائے، حسن ابدال کیڈٹ کالج کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں گفتگو
گورنر پنجاب نے پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال بریگیڈیئر (ر)ناصر سعید خٹک کو بطور پرنسپل تین سال کی توسیع دے دی
لاہور (ویب نیوز)
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ اساتذہ بچوں کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی زیر صدار ت گورنر ہائوس لاہور میں حسن ابدال کیڈٹ کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں پرنسپل کی مدت ملازمت میں توسیع ، فیسوں کے علاوہ اہم معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس میں بورڈ ممبران کے مشترکہ فیصلے کے بعد گورنر پنجاب نے پرنسپل کیڈٹ کالج حسن ابدال بریگیڈیئر (ر)ناصر سعید خٹک کو بطور پرنسپل تین سال کی توسیع دے دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حسن ابدال کیڈٹ کالج شاندار روایات کا امین ہے، کیڈٹ کالج حسن ابدال سے فارغ التحصیل طلبا نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قابل اور ذہین طالب علم صرف اس وجہ سے ادارے سے نہیں نکالا جانا چاہیے کہ وہ مالی حالات کی وجہ سے فیس ادا نہیں کر سکتا، فیسوں میں اضافہ کو معقول بنایا جائے۔ محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ آئندہ میٹنگ میں فیسوں سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے، اساتذہ بچوں کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کسی بھی مضمون کی صرف مہارتیں سکھا دینا کافی نہیں بلکہ انہیں ایک اچھا اور باکردار انسان بنانا بہت ضروری ہے۔