لاہور (ویب نیوز)

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی خالی آسامیوں کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹیوں کے انتظامی محکموں کو 6 ماہ قبل تعیناتی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دے دی۔ گورنر پنجاب کی جانب سے اس حوالے سے متعلقہ انتظامی محکموں کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر کی آسامیوں پر بروقت تقرری جامعات میں تعلیمی، انتظامی امور کو مئوثر طور پر چلانے کے لیے ضروری ہے۔ وائس چانسلرز کی مدت ختم ہونے سے 6 ماہ قبل ریگولر وائس چانسلرز کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا جائے۔گورنر پنجاب کی جانب سے کہا گیا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں ہے، یونیورسٹیوں کے امور میں بہتری کے لیے وائس چانسلرز کانفرنس کا انعقاد جلد کیا جائے گا۔ یونیورسٹیوں میں ماحولیات کے حوالے سے کام کرنے کے لیے کنسورشیم بنا رہے ہیں۔