گذشتہ سات روز میں گرمی سے متاثر ہونیوالوں کی تعداد 115تک پہنچ گئی
شہر میں شدید گرمی کے باعث دوپہر سے لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ جاتے ہیں
سبی (ویب نیوز)
سبی میں شدید گرمی کے باعث 23 افراد متاثر ہوکر ہسپتال پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق سبی شہر اور گردونواح کے علاقے شدید گرمی کے لپیٹ میں ہیں جبکہ گرمی لگنے سے ایک دن میں 23 افراد متاثر ہوکر ہسپتال پہنچ گئے۔گرمی لگنے سے ایک خاتون سمیت تین افراد بے ہوش بھی ہوگئے جبکہ گذشتہ سات روز میں گرمی متاثر ہونیوالوں کی تعداد 115 تک پہنچ گئی ۔ شہر میں شدید گرمی کے باعث دوپہر سے لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ جاتے ہیں۔ طبی ماہرین نے کہا کہ شہری خود کو ہیٹ ویو سے بچائیں، ساتھ ہی پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ماہرین نے کہا ہے کہ ضرورت کے تحت گھر سے نکلنا ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں ، محنت کش افراد مشقت کم کردیں ، ہلکے رنگوں والے کپڑے پہنیں ، جہاں تک ممکن ہو رش سے دور اور سایہ دار مقام پر رہیں۔