حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے پر مشاورت جاری ہے۔ سردار تنویر الیاس خان
مظفرآباد (ویب نیوز)
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے لیے30 کروڑ روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے ۔بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی کل مالی ضرورت 90 کروڑ روپے ہے چنانچے حکومت آزاد کشمیر نے الیکشن کمیشن کو پہلی قسط کے طور پر30 کروڑ روپے کی رقم جاری کی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے سوشل میڈیا اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے پر مشاورت جاری ہے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن آزاد جموں کشمیر نے بلدیاتی انتخابات 20،25 اور30 اگست کو تین مراحل میں کرانے کی تجویز حکومت آزاد کشمیر کو دی تھی ۔الیکشن کمیشن آزاد جموں کشمیر نے فاضل عدالت العظمی آزاد جموں کشمیر کے فیصلہ 21 دسمبر 2021 کی تعمیل میں بلدیاتی انتخابات 2022 کے بروقت انعقاد کیلئے آزاد جموں کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کی دفعہ 125 اے کی ذیلی دفعہ (3) کے تحت الیکشن شیڈول پر حکومت سے مشاورت کے لیے تحریری درخواست کی تھی ۔ اس سلسلے میں سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر نے سیکرٹری قانون کو خط لکھا تھا جس میں تجویز دی گئی تھی کہ مظفرآباد ڈویژن میں 20 اگست،پونچھ میں 25 اور میرپور میں 30 اگست کوبلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ ہوگی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر کی طرف سے سیکرٹری قانون کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ مصدرہ 21 دسمبر 2021 کے مطابق رواں سال 31 اگست سے قبل بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے تینوں ڈویژنز میں انتظامات اور امن و امان کی بہترین انجام دہی کے لئے لازمی ہے کہ تین مراحل میں ڈویژنل سطح پر پولنگ کا انعقاد کیا جائے جس کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے کمیشن کی مشاورت سے20 تا 30 اگست 2022 پانچ پانچ ایام کے وقفے سے الیکشن انعقاد کی تاریخیںطے کی ہیں تاہم الیکشن ایکٹ 2020 کی دفعہ 125 اے کی ذیلی دفعہ 3 کے تحت الیکشن کمیشن حکومت کی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کا شیڈول جاری کرے گا لہذا حکومت الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ شیڈول پر رضامندی سے مطلع کرے تاکہ چیف الیکشن کمشنر شیڈول کا باضابطہ اعلان کریں۔