ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کیلئے ہم سب نے مل کر محنت کرنی ہے، محنت سے ترقی کی منازل طے کریں گے

گرین اوربلیو لائن بس سروس منصوبے سے جڑواں شہروں کے عوام مستفید ہوں گے،گرین اوربلیوبس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی، جلد مہنگائی سے نجات مل جائے گی۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کا افتتاح کردیا۔ بس سروس منصوبے سے جڑواں شہروں کے عوام مستفید ہوں گے، 15.5 کلو میٹر پر محیط گرین لائن میٹرو بس سروس کے روٹ پر 8 مسافر سٹیشنز جبکہ 20 کلو میٹر بلیو لائن میٹرو بس سروس کے روٹ پر 13 مسافر سٹیشنز ہیں۔ گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا کہ گرین اوربلیو لائن بس سروس منصوبے سے جڑواں شہروں کے عوام مستفید ہوں گے،وزیراعظم نے اعلان کیا کہ گرین اور بلیو لائن پر ایک ماہ کے لیے مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی، اس سہولت سے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد فیض یاب ہوں گے، ماضی کی تاخیر کے ازالے کے لیے سب مل کر کام کریں، تمام ادارے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے محنت کریں۔  انہوں نے رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی، جلد مہنگائی سے نجات مل جائے گی، مہنگائی کا سلسلہ گزشتہ 4 سال سے جاری ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافے نے پوری دنیا کو پریشان کیا ہے، جتنی جلدی تیل کی قیمت کم ہوگی بجلی اتنی سستی بنے گی، ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہی عوامی فلاح کے منصوبے ہیں، کسی بھی منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ماضی کی حکومت نے انتہائی ناقص منصوبہ بندی کی۔انہوں نے کہا کہ 75برسوں میں سیاسی جماعتوں اور آمروں نے ملک کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا مگر اس ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کیلئے ہم سب نے مل کر محنت کرنی ہے، محنت سے ترقی کی منازل طے کریں گے، ملک قرضوں میں جکڑا ہے، مل کر چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔وزیراعظم نے منصوبے پر کام کرنے والے عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے محنت کرنے والوں کا مشکور ہوں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ منصوبوں میں غیر معیاری ٹینڈرنگ ہوئی توخیر نہیں، توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے سستی شمسی توانائی کا جال بھی پورے ملک میں بچھانا ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت یقینی بنا رہے ہیں، عوامی منصوبوں کی ایسے نگرانی کریں جسے اپنے بچوں کی کرتے ہیں، اسلام آباد پولیس کے لیے کئے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں۔