شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،6 دہشت گرد ہلاک

فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک اسلام الدین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے

دہشتگردوںکے قبضہ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد، دہشت گردسیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے،آئی ایس پی آر

راولپنڈی( ویب  نیوز)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ معلومات کی روشنی میں آپریشن،  6 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے، ایک سپاہی بھی جام شہادت نوش کرگیا، ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے علاقے میں آپریشن جاری ہے،دہشتگردوںکے قبضہ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد،یہ دہشت گردسیکیورٹی فورسز کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا، علاقے میں  دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر یہ آپریشن کیا گیا،کامیاب آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، ان دہشت گردوں کے قبضہ سے ہتھیار اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردسیکیورٹی فورسز کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے، فائرنگ کے تبادلے میں خیبر ضلع کے رہائشی لانس نائیک اسلام الدین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، علاقے میں آپریشن جاری ہے تاکہ اگر کوئی دہشت گرد بچ گیا ہو تو اس کا قلع قمع کیا جاسکے۔