واشنگٹن (ویب نیوز)

امریکا کی ریاست انڈیانا کے شاپنگ مال میں  اندھا دھند فائرنگ سے 3افراد ہلاک اور2زخمی ہو گئے، شہری نے حملہ آور کو گولی ماردی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق  ملزم اکیلا ہی تھا اور اس نے شاپنگ مال میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں3افراد ہلاک اور2زخمی ہو گئے، قریب موجود شہری نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی ماردی،پولیس نے تاحال ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ انتظامیہ نے کہا کہ اصل ہیرو وہ شہری ہے جو اس فوڈ کورٹ میں قانونی طور پر اسلحہ لے کر موجود تھا اور شوٹر کو مزید جانیں لینے سے پہلے ہی مار گرایا۔انڈیانا کے گورنر ایرک ہولکمب نے کہا کہ وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور پولیس تحقیقات کو خود دیکھ رہے ہیں۔ امریکا میں حالیہ دنوں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، رپورٹ کے مطابق امریکا میں سالانہ ہزاروں افراد فائرنگ سے ہلاک ہوتے ہیں۔