برسلز (ویب نیوز)

یورپ میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ، اسپین اور پرتگال میں گرمی سے ہلاک افراد کی تعداد 1700سے بڑھ گئی۔ فرانس، سپین اور پرتگال میں ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل کر دئیے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا گیا، اس ریکارڈ گرمی سے 13 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، خود کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے جھیلوں اور دریائوں کا رخ کرنے والوں میں سے 5 افراد کے ڈوبنے کی خبر رپورٹ ہوئی ۔لزبن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز کے ایک محقق نے کہا کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گرمی کی لہروں کی وجہ سے مرنے والے زیادہ تر بزرگ افراد تھے۔ جبکہ سخت گرمی کی وجہ سے درجنوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی ہے، 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک کام کرنیوالی ٹرینیں بھی جواب دے گئی ہیں۔ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن  کے مطابق یورپ میں گرمی کی لہر پہلے ہی عروج پر پہنچ چکی ہے، لیکن درجہ حرارت مزید ایک ہفتے تک اوسط سے اوپر رہ سکتا ہے۔