29 اگست تک سالانہ آمدن و اخراجات، فنڈز کے ذرائع و اثاثے اور واجبات کی تفصیلات پر مشتمل مالی گوشوارے جمع کرائے جائیں

چارٹرڈ اکاونٹنٹ کے مرتب کردہ رپورٹ کے ساتھ جماعت کے مجاذ عہدیدار کی جانب سے دستخط شدہ سرٹیفیکیٹ بھی پیش کیے جائیں،الیکشن کمیشن

اسلام آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مالی سال 22-2021 کے مالیاتی گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔29 اگست تک سالانہ آمدن و اخراجات، فنڈز کے ذرائع و اثاثے اور واجبات کی تفصیلات پر مشتمل مالی گوشوارے جمع کرائے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 29 اگست 2022 تک مالیاتی گوشوارے جمع کرادیئے جائیں۔سیاسی جماعتوں کی جانب سے جمع کرائے گئے مالی گوشوارے سالانہ آمدن و اخراجات، فنڈز کے ذرائع و اثاثے اور واجبات کی تفصیلات پر مشتمل ہوں گے۔مالی گوشوارے کے ساتھ چارٹرڈ اکاونٹنٹ کے مرتب کردہ رپورٹ کے ساتھ جماعت کے مجاذ عہدیدار کی جانب سے دستخط شدہ سرٹیفیکیٹ شامل کرانا لازمی ہوگا۔ جمع کرائے گئے سرٹیفیکیٹ میں یہ بتانا ہوگا کہ الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شق کی رو سے ممنوعہ قرار دیئے گئے کسی بھی ذریعے سے کوئی فنڈز حاصل نہیں کئے گئے اور یہ گوشوارہ بالکل درست ہے۔الیکشن ایکٹ 2017 کے شق 210 کے تحت الیکشن کمیشن میں رجسٹر ہونے والی تمام سیاسی جماعتیں مالی سال کے اختتام کے 60 روز کے اندر چارٹرڈ اکاونٹنٹ کی جانب سے آڈٹ شدہ مالی گوشوارے جمع کرانے کی پابند ہیں۔یہ مالی گوشوارے فارم D پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کے نام جماعت کے مجاذ عہدیدار کے ذریعے جمع کرائے جاتے ہیں۔فارم D الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر میں بلا معاوضہ دستیاب ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈان لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔