محمد یاسین ملک کی بھوک ہڑتال کا نواں روز،طبیعت سخت ناساز ہونے کے باوجود ہسپتال سے واپس نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں منتقل
یاسین ملک علاج نہیں تادمِ مرگ بھوک ہڑتال جاری رکھنا چاہتے ہیں۔جیل حکام
پاکستان کا یاسین ملک کی صحت کی تیزی سے بگڑتی ہوئی حالت پر بھارت سے سخت احتجاج

نئی دہلی ،اسلام آباد( ویب نیوز )

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے خرابی صحت کے باوجود ہفتہ کومسلسل نویںروز بھی بھوک ہڑتال جاری رکھی ۔ سفاک بھارتی حکام نے  محمد یاسین ملک کو ہسپتال سے واپس نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں منتقل کر دیا ہے۔ یاسین ملک نے اپنے خلاف درج جھوٹے مقدمات میں منصفانہ ٹرائل سے انکار کے خلاف 22 جولائی کو تہار جیل میں غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال شروع کر دی تھی۔ 26 جولائی کو طبیعت بگڑنے پر انہیں نئی دلی کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔بھارتی ذرائع ابلاغ نے ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ سندیپ گوئل کے حوالے سے بتایا کہ یاسین ملک کو جمعہ کے روز واپس تہاڑ جیل منتقل کیا گیا۔انہوں نے اپنے سیل میں واپس پہنچنے کے بعد بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ کسی بھی قسم کی غذا نہیں لے رہے۔یاسین ملک 2019 سے غیر قانونی حراست میں ہیں جب بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے انہیں ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ وہ اس وقت تہاڑ جیل کی سیل نمبر 7 میں ہیں۔این آئی اے کی خصوصی عدالت نے رواں برس 25 مئی کو انہیں ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ عمر قید کی سزا سنانے کے بعد تہاڑ جیل کے سیل نمبر سات میں قید تنہائی میں رکھا گیا تھا۔انہوں نے اپنا یہ مطالبہ منوانے کے لیے کہ انہیں ان کے خلاف مقبوضہ کشمیر کی خصوصی عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات میں پیش ہونے اور استغاثہ کے گواہوں سے جرح کرنے کی اجازت دی جائے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے ۔جیل حکام نے بتایا کہ انہوں نے یاسین ملک کی میڈیکل ہسٹری جو بالکل حوصلہ افزا نہیں ہے کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہیں غیر معینہ عرصے کے لیے بھوک ہڑتال پر نہ جانے کا مشورہ دیا تھا لیکن وہ اپنے فیصلے پر بضد رہے۔انہوں نے کہا بھوک ہڑتال کے دوران جب ان کی صحت بگڑنے لگی تو انہیں جیل کے طبی تفتیشی کمرے میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال بھیجنے سے پہلے انہیں ابتدائی طبی امداد دی۔اسپتال ذرائع کے مطابق یاسین ملک نے ڈاکٹروں کو تحریری طور پر مطلع کردیا ہے کہ وہ اپنا علاج نہیں چاہتے لیکن تادمِ مرگ بھوک ہڑتال جاری رکھنا چاہتے ہیں۔پاکستان نے بھی یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر بھارت سے احتجاج کیا ہے ، پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے یاسین ملک کی صحت کی تیزی سے بگڑتی ہوئی حالت پر سخت احتجاج کیا۔اسلام آباد میںدفتر خارجہ کے ایک بیا ن میں کہا گیا کہ اس موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے نام مشعا ل ملک کا تحریر کروہ مکتوب بھی ناظلم الامور کے حوالے کیاگیا۔