پشاور (ویب نیوز)

پنجاب اسمبلی  کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی  الیکشن کمشنر اور اراکین الیکشن کمیشن کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد منظور کر لی گئی ،  قرارداد صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے پیش کی۔اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر الیکشن کمیشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنراور اراکین فوری طورپرمستعفی ہوں۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک قابل قبول اورغیر متنازعہ الیکشن کمیشن کی تشکیل دیں اور ملک میں فوری آزادانہ اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے خلاف قرارداد منظور کی گئی تھی۔اس سے قبل چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی قیادت کا اہم اجلاس ہوا تھا جس میں الیکشن کمیشن ارکان کی حکومتی وفد سے ملاقات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا  کہ پی ٹی آئی قیادت نے  الزام عائدکیاتھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں اڑائی گئی۔