سوات میں طالبان کی موجودگی کی اطلاعات کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں ، افغان حکومت کے ساتھ رابطہ میں بھی ہیں، صحافیوں سے گفتگو

پاکستان کے کسی ملک کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں، لیکن خود مختاری اور سالمیت کا ہر ممکن دفاع کیا جائے گا، آئیڈیاز دفاعی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد (ویب نیوز)

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے ضامن اداروں کا احترام سب پر لازم ہے،ستدان لڑائیاں کسی اور وقت کے لیے اٹھا رکھیں،سیاسی استحکام ناگزیر،خرابی سب کیلئے مسائل پیدا کرے گی،سوات میں طالبان کی موجودگی کی اطلاعات کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں ، افغان حکومت کے ساتھ رابطہ میں بھی ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے دفاعی نمائش آییڈیاز 2022 کی سافٹ لانچ  تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت اداروں کا احترام ضروری ہے، سیاستدان لڑائیاں کسی اور وقت کے لیے اٹھا رکھیں۔  اداروں کا احترام تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر لاگو ہوتا ہے۔شہباز گل کے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما نے قانون کی خلاف ورزی کی ان سے قانون کے مطابق نمٹیں گے، سنا ہے شہباز گل نے کل کہا ہے کہ فوج میری جان ہے، اگر ایسا کہا ہے تو اچھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوات میں طالبان کی موجودگی کی اطلاعات کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں ، اس حوالے سے افغان حکومت کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا دعا ہے کہ حالات سنبھل جائیں کیونکہ خرابی سب کے لیے مسائل پیدا کرے گی، ملک میں سیاسی استحکام آنا چاہیے تاکہ اقتصادی استحکام بھی آئے۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ مشرف کی حکومت ختم ہوئے اور رول بیک ہوئے لمبا عرصہ ہو چکا، سیاستدانوں کو یہ لڑائی اپنی حدود میں رکھنی چاہیے، اس لڑائی کو کسی اور کی حدود میں نہیں لے کر جانا چاہیے۔اس سے قبل آئیڈیاز دفاعی نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کسی ملک کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں، لیکن ملکی دفاع کو مزید مستحکم کرتے رہیں گے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کا ہرممکن دفاع کیا جائیگا، پاکستان کی تیارکردہ دفاعی مصنوعات دنیا میں تیزی سے اپنا لوہا منوا رہی ہیں، افواج پیشہ وارانہ طور پر مضبوط، ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔آئیڈیاز دفاعی نمائش کی ترقی اور استحکام کلیدی اہمیت کا حامل ہے، آئیدیاز دفاعی نمائش اور اشتراک کے حوالے سے دنیا کا مرکز و محور بن رہا ہے،نمائش دفاعی شعبے میں ترقی، استحکام، مسائل کی نشاندہی اور حل میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کا ہر ممکن دفاع کیا جائے گا، پاکستانی مسلح افواج پیشہ وارانہ طور پر مضبوط اور ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کی دفاعی ترقی اور مقامی سطح پر دفاعی مصنوعات کی تیاری پر کلیدی توجہ مرکوز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تیار کردہ دفاعی مصنوعات دنیا میں تیزی سے اپنا لوہا منوا رہی ہیں ،ٹینک، بغیر پائلٹ طیاروں، لڑاکا طیاروں، فریگیٹس، فاسٹ اٹیک کرافٹس میں تیز تر ترقی کی ہے،امید ہے آئیڈیاز دفاعی نمائش میں بہت سے ممالک اور دفاعی پیداواری کمپنیاں شرکت کریں گی،پاکستان پوسٹ کی جانب سے 75ویں یوم آزادی پر آئیڈیاز دفاعی نمائش کے یادگاری ٹکٹ کا بھی اجرا کیا گیا۔