کراچی (ویب نیوز)

کراچی میں شدید بارش کے باعث ہفتہ کو ہونے والے انٹر میڈیٹ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، رات گئے اور ہفتہ کی صبح شاہراہ فیصل ،ڈرگ روڈ، جوہر موڑ کیاطراف تیز بارش ہوئی، شاہ فیصل کالونی، ملیر ، ائیرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری رہا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سرجانی ٹائون اور نارتھ کراچی میں موسلادھار بارش سے سیلابی ریلا یوسف گوٹھ میں داخل ہو گیا ۔پاور ہائوس چورنگی سے دو منٹ چورنگی جانے والی مرکزی سڑک زیر آب آ گئی، کے ڈی اے چورنگی سے حیدری مارکیٹ تک شاہراہ عثمان پر بھی پانی جمع ہوگیا، موسلا دھار بارش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو ئی۔دوسری جانب اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے شہر میں شدید بارش کے پیش نظر ہفتہ 13 اگست کو ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2022 کے آرٹس، ریگولر، آرٹس پرائیویٹ اور خصوصی امیدواروں کے پرچے اور سائنس گروپ کے عملی امتحانات یعنی پریکٹیکل ملتوی کر دیئے گئے۔ترجمان کے مطابق تمام ملتوی شدہ پرچے اب بروز بدھ 24اگست کو ان ہی امتحانی مراکز پر پہلے سے دئیے گئے شیڈول اور وقت کے مطابق لیے جائیں گے جبکہ پریکٹیکل ری شیڈول کرنے کیلئے متعلقہ کالجز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔