عدلیہ کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش ہو رہی ہے،صحافیوں پرزمین تنگ کر دی گئی،عدلیہ کی آزادی اور آزادی صحافت کے دن منائیں گے

بند کمروں میں بیٹھ کرباتیں کرنے کا دورختم ہونا چاہیے کوئی بیک ڈوررابطہ نہیں ہورہا،آصف زرداری پہلے سندھ حکومت بچائیں پھرپنجاب کی طرف دیکھیں

10ستمبرتک عمران خان پورے ملک میں جلسے کریں گے،پہلا کراچی  اور دوسرا حیدرآباد میں جلسہ کریں گے،پریس کانفرنس

اسلام آباد (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف نے جلد الیکشن کے لیے حکومت پر دبا بڑھانے کا فیصلہ کر لیا جبکہ 19 اگست کو کراچی میں بڑا جلسہ کیا جائے گا۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے میثاق معیشت پر مذاکرات کو مسترد کر دیا، شہباز شریف کے ساتھ اکانومی پر بات کرنا حماقت ہو گی، شہبازگل پرٹارچرکا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا، عدلیہ کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش ہو رہی ہے،صحافیوں پرزمین تنگ کر دی گئی،عدلیہ کی آزادی اور آزادی صحافت کے دن منائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں کا اجلاس بنی گالہ اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں فواد چودھری، بابر اعوان ، شیریں مزاری، زلفی بخاری، علی امین گنڈا پور، غلام سرور، سیف اللہ نیازی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔  اجلاس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اور عوامی مہم، جلسوں کے شیڈول سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران   19 اگست کو کراچی میں بڑے جلسے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جلد الیکشن کے لیے حکومت پر دباو بڑھایا جائے گا۔ اور اس کے لیے مختلف شہروں میں جلسوں کی منظوری دی گئی۔  آئندہ ہفتے کے دوران راولپنڈی، کراچی، پشاور، سمیت بڑے شہروں میں جلسے ہوں گے، جبکہ عمران خان اپنی 9 نشستوں پر انتخابی مہم خود چلائیں گے۔  اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 25 مئی کے کرداروں اور پولیس افسران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، ذمہ داران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلیے مختلف فورمز پر رجوع کیا جائے گا، قانونی ٹیم تمام کیسز کا اندراج 7 روز میں یقینی بنائے گی، واقعہ میں شامل کرداروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ  پارٹی نے متفقہ طور پر شہباز گل کے معاملے پر مذمت کی ہے، کوشش کی جارہی ہے انہیں اغوا کرکے پمز پہنچایا جائے، کوشش کی جارہی ہے ان کو ٹارچر کیا جائے، ثنا اللہ نے روایت ڈالی ہے کہ بچوں اور خواتین پر تشدد کیا جائے، شہباز گل کو یوم عاشور پر گرفتار کیا، عمران خان نے شیری مزاری کو ہدایت کی ہے اس معاملے کو پوری دنیا میں اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کوپورے پاکستان میں آزادی صحافت کا دن منایا جائے گا،صحافیوں پر پاکستان کی زمین تنگ کردی گئی، ہم صحافت کی آزادی کے لیے باہر نکلیں گے،عدلیہ کوتقسیم کرنے کی پوری کوشش ہو رہی ہے، یہ مسلم لیگ ن کا پرانا وتیرہ ہے، پیر والے دن عدلیہ کی آزادی کا دن منائیں گے، عمران خان بار ایسوسی ایشنزسے بھی خطاب کریں گے۔ دس ستمبرتک عمران خان پورے ملک میں جلسے کریں گے،عمران خان کراچی میں پہلا،دوسرا حیدرآباد میں جلسہ کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ انتخابات کے لیے ملک گیرتحریک چلائی جائے گی، شہباز شریف کیساتھ معیشت پر بات کرنا احمقانہ بات ہے، ان کی تباہ کن معاشی پالیسیوں کو سپورٹ کرنا جاہلیت ہو گی، صرف عام انتخابات کے فریم ورک کے علاوہ کسی قسم کی بات نہیں کریں گے، اگرآپ یہ سمجھتے ہیں عمران خان جیت جائے گا تو پھر مارشل لا لگا دیں، پی ٹی آئی اورفوج کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، جے یوآئی کی فارن فنڈنگ کوسامنے کیوں نہیں لایا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن پر ہمیں اعتماد نہیں، یہ تحریک کا فیصلہ کن مرحلہ شروع ہوگیا ہے، ملک میں انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں، اسپیکرصاحب بچوں سے خطاب کرا لیا کریں ان سے زیادہ بچے عقل مند ہے، زرداری،نوازشریف ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں،25مئی میں جولوگ ملوث ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہونی چاہیے،پی ٹی آئی کے لوگ ابھی تک کی کارروائی سے مطمئن نہیں، عطا تارڑ،رانا ثنا اللہ کوتفتیش میں شامل ہونا چاہیے،بند کمروں میں بیٹھ کرباتیں کرنے کا دورختم ہونا چاہیے،جوبھی بات ہوسب کے سامنے ہونی چاہیے،کوئی بیک ڈوررابطہ نہیں ہورہا،آصف زرداری پہلے سندھ حکومت بچائیں پھرپنجاب کی طرف دیکھیں۔