آرمی چیف کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر یو اے ای کے دوسرے سب سے بڑے اعزاز سے نوازا گیا

ملاقات میںدفاع کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون، تازہ ترین علاقائی اور عالمی مسائل اور باہمی تشویش کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا

دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ باہمی تعلقات پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب نیوز)

متحدہ عرب امارات نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کوآرڈر آف دی یونین کے اعزاز سے نواز دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے میں صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے صدارتی محل قصر البحر مجلس میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا ،اس موقع پر امارات کے صدر نے پاکستان کے آرمی چیف کو آرڈر آف دی یونین اعزاز پیش کیا۔ملاقات میں دفاع کے شعبوں میں دو طرفہ مشترکہ تعاون، تازہ ترین علاقائی اور عالمی مسائل اور باہمی تشویش کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مشرق وسطی میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون اور مشرق وسطی میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان خوشگوار تعلقات اور بھائی چارے کی عظیم تاریخ پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہورہی ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر یو اے ای کے صدر نے آرڈر آف دی یونین میڈل سے نوازا۔ آرڈر آف یونین متحدہ عرب امارات کی طرف سے دوست ممالک کے سینئر حکام کو دیا جانے والا دوسرا سب سے بڑا اعزاز ہے۔اس سے قبل سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، چین کے صدر شی جن پنگ ، امریکی صدر جارج بش، جرمن چانسلر انجیلا مرکل سمیت اہم عالمی اور جی سی سی رہنماوں کو یہ اعزاز ملا ہے ۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دسمبر 2021 میں اس ایوارڈ کے آخری وصول کنندہ تھے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ26 جون 2022 کو سعودی ولی عہد نے بھی آرمی چیف کو میڈل آف ایکسلینس سے نوازا تھا۔9جنوری 2021 کو بحرینی ولی عہد نے آرمی چیف کو بحرینی آرڈر فرسٹ کلاس ایوارڈ سے نوازا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اکتوبر 2019 کو اردن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرڈر آف ملٹری میرٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔آرمی چیف کو 27دسمبر 2018 میں روس کی جانب سے تہنیتی خط دیا گیا تھا، جبکہ 20 جون 2017 کو ترکی کے لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔