بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی عوام پر 94ارب 40کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری ،درخواست نیپرا میں جمع

کمپنیوں کی جانب سے سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ، کیپیسٹی چارجز، مارکیٹ فیس اور نقصانات کی مد میں اضافہ مانگا گیا

 تین روپے سے زائد فی یونٹ اضافہ ہو گا، نیپرا بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی جانب سے دائر درخواست پر6 ستمبر کو سماعت کریگا

اسلام آباد  (ویب نیوز)

سہ ماہی اور فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے عوام پر 94ارب 40کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی۔ بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے اس حوالہ سے درخواست نیپرا کو جمع کروادی۔ درخواست کے الیکٹرک کے علاوہ 10بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔ اپریل سے جون2022تک کے لئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ، کیپیسٹی چارجز، مارکیٹ فیس اور نقصانات کی مد میں اضافہ مانگا گیا ہے۔ فی یونٹ اضافہ تین روپے سے زائد بنے گا۔ نیپرا بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی جانب سے دائر درخواست پر6 ستمبر کو سماعت کرے گا اوراس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ آئیسکو نے آٹھ ارب73کروڑ روپے، لیسکو نے 17ارب81کروڑ روپے، گیپکو 9ارب25کروڑ روپے، فیسکو11ارب62کروڑ، میپکو نے 19ارب53کروڑ، پیسکو 12ارب27کروڑ روپے، حیسکوپانچ ارب30کروڑ روپے ، سیپکو تین ارب 16کروڑ روپے کیسکو کی جانب سے دو ارب 99کروڑ روپے وصولی کی درخواست کی گئی جبکہ کے-الیکٹرک نے سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)سے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 14 روپے 53 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔کے الیکٹرک نے سہ ماہی اور ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بالترتیب قیمت میں اضافے اور کمی کی دو الگ الگ درخواستیں دائر کردیں۔کے الیکٹرک کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا سے بجلی 14روپے 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا کہا گیا ہے۔کے الیکٹرک کی جانب سے یہ اضافہ اپریل تا جون 2022 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔کے الیکٹرک کی جانب سے دائر کردہ دوسری درخواست میں جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں قیمت کم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی نے جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے47 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا کہا ہے۔کے الیکٹرک نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں شہریوں کو 6 ارب 25 کروڑ روپے کا ریلیف دینے کی درخواست کی ہے۔نیپرا، کے الیکٹرک کی دونوں درخواستوں پر 31 اگست کو سماعت کرے گا۔