واشنگٹن / نیویارک (ویب نیوز)
- عمران خان پر لگنے والے الزامات سے آگاہ ہیں،امریکہ
- معاملہ براہِ راست امریکا سے متعلق نہیں، یہ پاکستان کے قانونی اور عدالتی نظام کا معاملہ ہے
- پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کے دوسری جماعت کے مقابل آنے پر امریکا کوئی موقف نہیں رکھتا، نیڈ پرائس
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہاہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر لگنے والے الزامات سے آگاہ ہیں۔ترجمان محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے یہ بات جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاملہ براہِ راست امریکا سے متعلق نہیں ہے، یہ پاکستان کے قانونی اور عدالتی نظام کا معاملہ ہے۔نیڈ پرائس کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کے دوسری جماعت کے مقابل آنے پر امریکا کوئی موقف نہیں رکھتا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا میں جمہوری، آئینی اور قانونی اصولوں کو پرامن طریقے سے قائم رکھنے کی حمایت کرتے ہیں۔
- دہشت گردی کا مقدمہ، عمران خان پر لگائے الزامات سے آگاہ ہیں، اقوام متحدہ
- انتونیو گوتریس نے آزاد اور غیر جانبدارانہ طریقے سے قانونی کارروائی کرنے پر زور دیا ہے، ترجمان اسٹیفنی ڈوجیرک
اقوام متحدہ نے عمران خان پر دہشت گردی کے مقدمے کے بارے میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم پر لگائے الزامات سے آگاہ ہیں، آزاد اور غیر جانبدارانہ طریقے سے قانونی کارروائی کی جائے۔عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفنی ڈوجیرک نے کہا کہ سربراہ اقوام متحدہ انتونیو گوتریس پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف لگائے الزامات سے آگاہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے آزاد اور غیر جانبدارانہ طریقے سے قانونی کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔سربراہ اقوام متحدہ نے پرسکون رہنے، تنائو کو کم کرنے اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں پر زور دیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 21 اگست کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔عمران خان پر ایف نائن پارک جلسے میں ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکانے کاالزام عائد کیا گیا تھا۔گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست منظورکرتے ہوئے تین روز کی حفاظتی ضمانت دے دی تھی۔عدالت نے پولیس کو سابق وزیر اعظم کی گرفتاری سے روک دیا گیا تھا ۔