وزیراعظم کا دورہ رنگ لے آیا،  قطر کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

قطرسرمایہ کاراتھارٹی نے  مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت کراچی،اسلام آبادائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے

قطری ہم منصب نے پاکستان کو  یومیہ 3 سے 4 ہزارٹن ایل پی جی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،وزیر مملکت مصدق ملک کی تصدیق

دوحہ (ویب نیوز)

قطرکی سرمایہ کار اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کا پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ ہے۔  قطر کی جانب سے پاکستان میں توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری متوقع ہے۔ اس بات کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کے درمیان  ہونے والی ملاقات کے موقع پرکیا گیا۔قطری اخبار کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ  قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں 3ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری کریگا۔ قطر نے کراچی اور  اسلام آباد ائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ قطر کی سرمایہ کار  اتھارٹی کم سے کم وقت میں سرمایہ کاری کو یقینی بنائیگی۔قطر کی جانب سے تفصیلات ظاہر کیے بغیرقطر کی امیری دیوان نے بتایا کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی(کیو آئی اے)نے پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اعلان کیا۔امیری دیوان نے کہا کہ امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کی اہمیت اور تجارتی تبادلے اور قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دے کر اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کی خواہش پر زور دیا۔ دوسری جانب وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک کی دوحہ میں قطری ہم منصب سے ملاقات ہوئی ہے۔ مصدق ملک کا کہنا ہے کہ قطری ہم منصب نے پاکستان کو ایل پی جی فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، قطر پاکستان کو یومیہ 3 سے 4 ہزار ٹن ایل پی جی فراہم کرے گا۔  انہوں نے امید ظاہر کی کہ قطر سے ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے جلد میکنزم طے کرنے پر بات چیت شروع ہو جائے گی۔