عالمی برادری کی جانب سے یہ فنڈ 52 لاکھ لوگوں کو خوراک، پانی، صفائی، ہنگامی تعلیم، تحفظ اور صحت کی مدد فراہم کرے گا

پاکستانی لوگوں کی مشکلات نے میرا دل توڑ دیا ہے،مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو آگے بڑھ کر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، سیکرٹری جنرل یو این

دنیا کی تباہی سے قبل ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بیدار ہوجانا چاہیے، آج پاکستان تو کل آپ کا ملک بھی اس کا نشانہ بن سکتا ہے،ویڈیو بیان

اسلام آباد (ویب نیوز)

پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب اور  بارشو ں کے بعد متاثرین کے لیے اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے فوری طور پر 160 ملین ڈالرکی امداد کی اپیل کر دی ہے۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں تقریب کے دوران اپنے ویڈیو بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس نے کہا کہ پاکستان مشکلات میں ڈوبا ہوا ہے، عوام تباہ کن مون سون کا سامنا کر رہے ہیں، بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی آفت کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سینکڑوں شہری زخمی ہیں۔  پاکستان میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے، سکول تباہ ہوچکے، اہم انفرا اسٹرکچر ملیا میٹ ہوگیا، لوگوں کے خواب چکنا چور اور ان کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ تباہ کن سیلاب سے ہر صوبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ بطورِ یواین ہائی کمشنر برائے پناہ گزین میں نے پاکستان کے لوگوں کی فراخی دلی دیکھی ہے، انہوں نے اپنے محدود وسائل کے ساتھ لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی مدد کی، ایسے فیاض لوگوں کی مشکلات نے میرا دل توڑ دیا ہے۔ متاثرین کی مدد کے لیے حکومت نے نقد رقم دینے کے ساتھ دیگر امدادی کارروائیوں کے لیے فنڈز جاری کیے ہیں لیکن تباہی بڑے پیمانے پر ہے مطلوبہ ضروریات سیلابی پانی کی طرح بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال دنیا کی توجہ اور ترجیحات کا تقاضا کرتی ہے، اقوام متحدہ 16 کروڑ ڈالرز کی فلیش اپیل کر رہا ہے، یہ فنڈ 52 لاکھ لوگوں کو خوراک، پانی، صفائی، ہنگامی تعلیم، تحفظ اور صحت کی مدد فراہم کرے گا۔ انتونیو گوتیرس نے اپنی بات کو جاری   رکھتے ہوئے کہا جنوبی ایشیا ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خطوں میں سے ایک ہے، اس خطے میں رہنے والے عوام کے ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے کے خدشات دیگر خطوں سے 15 فیصد زیادہ ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پوری دنیا میں موجود لوگ خطرے سے دوچار ہیں، پاکستان نے مشکل کی اس گھڑی میں عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وقت مل کر فوری طور پر اس بحران میں جوابی اقدامات کرنے چاہییں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو آگے بڑھ کر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ دنیا کی تباہی سے قبل ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بیدار ہوجانا چاہیے، آج پاکستان اس تباہی کا شکار ہوا ہے، کل آپ کا ملک بھی اس کا نشانہ بن سکتا ہے۔