اسلام آباد (ویب نیوز)

عالمی اداروں کی جانب سے پاکستان میں آنے والے سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمارے میں ہونے والی تباہی میں امداد کا سلسلہ جاری ہے، ابھی تک مختلف ممالک سے 35 امدادی پروازیں امداد لے کر پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے اتوار کے روز اپنے بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات سے سب سے زیادہ پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچیں، وہاں سے 14 امدادی پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہیں۔ عاصم افتخار نے کہا کہ دوسرا نمبر ترکیہ سے آنے والی امدادی پروازوں کا ہے، وہاں سے کل 11 امدادی پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سے اب تک 4 امدادی پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچیں جبکہ ازبکستان سے 1 امدادی پرواز سیلاب متاثرین کے لیے سامان لے کر پاکستان پہنچی ہے۔ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ قطر سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچنے والی پروازوں کی تعداد 3ہے جبکہ فرانس سے 1امدادی پرواز امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ عالمی ادارہ اطفال یونیسیف سے ایک پرواز امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہے۔