راولپنڈی، کراچی، لاہور  (ویب نیوز)

  •  قوم ہمارے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے، 6 ستمبر افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، آرمی چیف
  • عظیم قوم کی حمایت سے مسلح افواج تمام مشکلات کے باوجود مادر وطن کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، جنرل قمر جاوید باجودہ کایوم دفا ع پر پیغام

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجودہ نے کہا ہے کہ قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔ہماری آزادی اور امن ان شہداء کی قربانیوں کی مرحون منت ہے جنہوںنے پرچم کی سربلندی کے لئے لازوال قربانیاں پیش کیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک کے یوم دفاع وشہداء کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ6 ستمبر کا دن پاکستان کی مسلح افواج کے غیر مترلزل عزم کا عکاس ہے۔عوام کی حمایت کے ساتھ تما م مشکلات کے باوجود ملک کا دفاع کرتے رہیں گے۔قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء ہمارے ہیروز اور جر ات کے نشان ہیں۔

  • یوم دفاع ،مزار قائد واقبال پر گارڈز تبدیلی کی تقاریب
  • پاکستان ائیرفورس کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے
  • ائیر وائس مارشل قیصر جنجوعہ نے مزارقائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی،پریڈ کا معائنہ کیا، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے
  • یوم دفاع پر مسلح افواج اور تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں ، شاہینوں نے 6 ستمبرکو لاہور میں دشمنوں کے ٹینکوں کو تباہ کیا تھا،ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ
  • ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل سید آصف حسین نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر مزار قائد و اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقاریب منعقد کی گئیں۔ پاکستان ائیرفورس کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔تبدیلی گارڈز کی تقریب میں پاک فضائیہ کے 60 مرد اور 5 خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ تھے۔ ائیر وائس مارشل قیصر جنجوعہ نے مزارقائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔ مزار قائد پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے کہا کہ یوم دفاع پر پاکستانی مسلح افواج اور تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی فوج نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج 6 ستمبر کے دن ہی دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا، شاہینوں نے آج ہی کے دن لاہور میں دشمنوں کے ٹینکوں کو تباہ کیا تھا،ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہدا کے ممنون ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،اللہ ہمیں اپنی قوم کیلئے ذمہ داریاں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے مزار اقبال پر پاکستان رینجرز پنجاب کے زیر اہتمام تقریب منعقد کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل سید آصف حسین نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ڈائریکٹر جنرل نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی جی رینجرز نے شہدا ء کی قربانیوں پر روشنی ڈالی اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ جنگ ستمبر کے غازیوں اور شہیدوں نے جرات و بہادری کی وہ لازوال داستانیں رقم کیں جو رہتی دنیا تک یاد رہیں گی، جنگ میں بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی تھی۔