اسلام آباد (ویب نیوز)

نیول چیف  ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ8 ستمبر بحریہ کے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر کا دن پاکستان نیوی کی تاریخ میں سنہرے باب کے طور پر رقم ہے جو پاک بحریہ کے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کرکے ہندوستانی ریڈار سٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران بحر ہند میں اپنا راج قائم رکھا اور پوری بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہ میں مفلوج کر دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی اقدامات کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ آج کے دن پاکستان نیوی کے آفیسرز ، سی پی اوز ، سیلرز اور سویلینز ملک کے ناقابل تسخیر دفاع اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنے کا عہد کرتے ہیں۔