اسلام آباد (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین  اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوری انتخابات تحریک انصاف کی نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے، پرامن انتخابات کے ذریعے انقلاب کا راستہ فراہم کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق  چئیرمین تحریک انصاف  عمران خان سے  پنجاب کابینہ کے اراکین نے پنجاب ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں عمران خان نے کابینہ ارکان کو پنجاب کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے، پرویز الہی ایک عملی سیاستدان ہیں، ہم نے بھرپور ساتھ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام تحریک انصاف سے حقیقی آزادی کے ایجنڈے کی تکمیل توقع کر رہے ہیں، پنجاب کی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی حقیقی آزادی کے موقف پر عوام کے ساتھ کھڑی رہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے ہمیں جلد انتخابات کی جانب بڑھنا ہے، فوری الیکشن تحریک انصاف کی ضرورت نہیں ملک کی ضرورت ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان  نے مزید کہا کہ انقلاب ہماری دہلیز پر دستک دے رہا ہے، پرامن انتخاب کے ذریعے راستہ فراہم کیا جائے۔