نوازشریف اورشہباز شریف کی ملاقات؛ اہم فیصلے، اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے کی تیاری

ملاقات میں مہنگائی اور پنجاب میں حکومت کی تبدیلی سمیت دیگر امور پر گفتگو

لندن ( ویب  نیوز)

لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جس کے تحت سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک سے واپسی پر اس  اہم ترین ملاقات میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اوراسحاق ڈار شریک تھے جہاں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنی ملک واپسی کے منصوبے سے متعلق وزیراعظم کو بھی آگاہ کیا۔لیگی ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل، معاشی چیلنجز سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر خزانہ نے وطن واپسی بارے اپنے پلان بارے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں ملاقات میں اسحاق ڈار کی واپسی اور سینیٹ حلف کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی ۔ذرائع  نے بتایا کہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے ملک واپس آکر احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ اسحاق ڈار کو ملک واپسی پر موجودہ وزارت خزانہ کی ٹیم ملک کی موجودہ معاشی حالات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ سنیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے، معیشت کو کیسے سنبھالا دیا جائے، مہنگائی اور ڈالر کو کم کرنے پر بھی مشاورت ہوئی ۔وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں میاں نواز شریف سے ملاقات کئی گھنٹوں سے جاری رہی، ملاقات میں اسحاق ڈار کی وطن واپسی، مہنگائی اور ڈالر کی قدر میں کمی کے حوالے سے اقدامات، پنجاب میں حکومت کی تبدیلی سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت ہو ئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز، شہباز ملاقات میں فیصلہ ہوا ہے کہ اسحاق ڈار منگل کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے جبکہ موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی ن لیگ کی معاشی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔شہباز شریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد لندن پہنچے ہیں۔