یہ توایک مذاق ہے، یہ کوئی ڈیش بورڈ نہیں ایک اسٹیشنری چیز کا میں افتتاح نہیں کر سکتا، اسے پہلے درست کریں، شہباز شریف کی ہدایت

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدگان سے متعلق بنائے گئے ڈیش بورڈ کے افتتاح سے انکار کر دیا۔ سیلاب متاثرین کی امداد رئیل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا کہ اس کوصحیح کریں یہ کیسا ڈیش بورڈ ہے، میں افتتاح نہیں کروں گا، یہ توایک مذاق ہے۔سیلاب متاثرین کی امداد کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف بھی شریک ہوئے، جہاں ڈیش بورڈ کی ورکنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار ریئل ٹائم اپ ڈیٹڈ نہیں ہیں۔ یہ وہ ڈیش بورڈ نہیں جو انہیں اور پوری قوم کو درکار ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ رضائیاں کہاں جا رہی ہیں؟ بے بی فوڈ کہاں تقسیم ہو رہا ہے؟ اس کی تفصیل کہاں ہے؟ یہ معلومات کہاں ہیں؟ کہ کیا کہیں کلاوڈ برسٹ کا خدشہ ہے؟ وفاقی وزیر امین الحق نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ آج ڈیش بورڈ کا افتتاح کردیں۔ جلد اس کو اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یہ درخواست مسترد کردی اور کہا کہ آپ بتائیں کتنے دنوں میں اسے اپ ڈیٹ کردیں گے، وہ اس وقت افتتاح کرنے آجائیں گے۔  کچھ دیر میں امین الحق سے مشورہ کرکے وزیراعظم نے ڈیش بورڈ اپ ڈیٹ کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔شہباز شریف نے احسن اقبال کو ہدایت دی کہ جسے ہائر کرنا ہے کریں لیکن ایک ورلڈ کلاس ڈیش بورڈ بنائیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کوئی ڈیش بورڈ نہیں ایک اسٹیشنری چیزہے، یہ وہ چیزنہیں جومیں اورقوم چاہتی ہے، آج ڈیش بورڈ کا افتتاح نہیں کرسکتا، یہ توایک مذاق ہورہا ہے، یہ کیسا ڈیش بورڈ ہے اس کودرست کریں۔اس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلائمٹ چینج کا شکارہوا ہے، پاکستان کا کاربن کے اخراج میں کم سے کم حصہ ہے، سیلاب متاثرین کے لیے دیئے گئے فنڈزکی تفصیلات ڈیش بورڈ پردستیاب ہوں گی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ڈیش بورڈ کوتیارکیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیش بورڈ کے ذریعے ہمیں اندازہ ہوگا کن علاقوں میں ریلیف دیا جا رہا ہے، سیلاب متاثرین کو ملنے والی تمام ڈونیشن کی معلومات ڈیش بورڈ پر موجود ہوگی، ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے لیے ڈیش بورڈ بہت اہمیت کا حامل ہے۔