راولپنڈی  (ویب نیوز)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کے نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو)میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 252 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کے مضبوط و محفوظ نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر اور ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر ایک بار پھر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایک ذمہ دار جوہری ہتھیاروں کی حامل ریاست کے طور پر پاکستان نے اپنی جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں جب کہ ملک کی جانب سے کیے گئے حفاظتی انتظامات رائج عالمی معیار کے مطابق ہیں۔بیان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے موجودہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا بھی بغور جائزہ لیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں، بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں پاک فوج کی جانب سے سول انتظامیہ کو فراہم کیے گئے تعاون سے آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کو دہرایا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں میں فرائض کی انجام دہی کے دوران فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔