یقین دلاتا ہوں حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے، وزیراعظم کا ویڈیو پیغام

اسلام آباد( ویب  نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ ارشد شریف قتل کے واقعہ کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے، واقعہ کی بے لاگ اور شفاف تحقیقات ہوگی ،عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے لئے درخواست دیں گے۔  وزیراعظم شہباز شریف  نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ روز کینیا میں سینئر صحافی ارشد شریف کے ساتھ جو اندوہناک واقعہ پیش آیا، وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ پاکستان کی عوام ان کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں اور اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ گزشتہ روز سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے میں نے کینیا کے صدر سے خود بات کی اور ان سے گزارش کی کہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ ہمیں فورا بھجوائیں اور میت فورا پاکستان بھجوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔  ان کا کہنا تھا کہ کینیا کے صدر نے مجھے پورا یقین دلایا کہ اس ضمن میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف  نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کینیا کے صدر نے اس واقعے پر میرے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ آج میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس واقعے کی عدالتی کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کرائیں۔ اس ضمن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے لئے درخواست دیں گے۔ کابینہ سے بھی اس فیصلے کی باقاعدہ توثیق کرائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب کے لیے اس انتہائی افسوس ناک واقعے کی بے لاگ اور شفاف تحقیقات ہوگی اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔