سانحہ مری؛ ریسکیو 1122، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ذمہ دار قرار
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے 4 ماہ قبل محفوظ کیا تھا
سانحہ مری کا تفصیلی فیصلہ پیر 7 نومبر کو جاری ہوگا
راولپنڈی(ویب نیوز)
لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سانحہ مری کیس کا فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق ریسکیو 1122، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سانحے کے ذمے دار ہیں۔سانحہ مری کیس میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے 4 ماہ قبل محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، جس میں قرار دیا گیا ہے کہ ریسکیو 1122، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سانحے کے ذمے دار ہیں۔ذرائع کے مطابق 80 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ پیر 7 نومبر کو جاری ہوگا۔ فیصلے کے مطابق مری میں تمام غیر قانونی عمارتیں مسمار ہوں گی جب کہ تمام کمرشل تعمیرات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ہوٹلز کا میکنزم بنایا جائے اور مری کے ہوٹلز،گیسٹ ہاوسز کی کیٹگریز بنا کر کرایے مقرر کیے جائیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سانحہ مری کے شہدا کا معاوضہ8لاکھ روپے کم ہے، اسے بڑھایا جائے۔صفائی،سیوریج،نالہ صفائی کے لیے الگ محکمہ بنایا جائے اور جن افسران کو محکمہ موسمیات کی برف باری سے متعلق رپورٹ کا علم تھا، ان کے خلاف فوری سخت قانونی کارروائی کی جائے۔فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ سانحہ کے بعد جنہیں بلا جواز معطل کیا گیا، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہوگی جب کہ ذمہ دار قرار دیے گئے ریسکیو1122،ہائی وے اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران خلاف کارروائی کی جائے۔یاد رہے کہ 7 اور 8 جنوری کو پیش آنے والے سانحہ مری میں 23 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔۔