لاہور (ویب نیوز)

پنجاب حکومت نے عمران خان حملہ کیس کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔چیئرمین کمیٹی راجہ بشارت کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کی کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں عمران خان حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی ہائی ویز پٹرول ریاض نذیر گاڑھا کرینگے اور دیگر ارکان میں متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔کمیٹی نے لانگ مارچ کے کنٹینر کو عمران خان کیلئے مخصوص سکیورٹی دینے جبکہ موٹرویز کو جلد کھولنے اور ججز کو راستہ دینے کیلئے پی ٹی آئی سے بات کرنے کا فیصلہ کیا۔راجہ بشارت نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سے رابطہ رکھیں، کنٹینر پر بلٹ پروف روسٹرم اور گلاس لازمی نصب کیا جائے گا، اسنائپرز کی تعیناتی اور دیگر سکیورٹی انتظامات میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔