اسلام آباد (ویب نیوز)

چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق سنجرانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر کا سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ منظور کر لیا۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے استعفیٰ منظور کرنے کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے مصطفی نواز کھوکھر کی سینیٹ نشست خالی ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن سیکرٹری سینیٹ سیکرٹریٹ محمد قاسم صمد خان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مصطفی نواز کھوکھر نے چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی سے جمعرات کے روز ملاقات کی اور ہاتھ سے لکھا ہوا استعفیٰ پیش کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے مصطفی نواز کھوکھر کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کی سینیٹ نشست 10نومبر سے خالی قراردے دی۔ واضح رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر 2018میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر سندھ سے رکن سینیٹ منتخب ہوئے تھے۔