اسلام آباد (ویب نیوز)

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومت کو احتجاجی خط لکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا، تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومت سے قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے اور ایک احتجاجی خط بھی لکھ دیا ہے۔آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ایڈوازی کونسل کی جانب سے وزیر مملکت مصدق ملک کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ منظور شدہ فارمولے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونا تھا، لیکن حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے بوجھ کو نظر انداز کر کے قیمتیں کم کیں۔خط میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پٹرول پر 3 روپے 21 پیسے فی لیٹر مارجن کم کرایا، اگست سے اب تک 7 ارب 55کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے، قیمتیں زبردستی برقرار رکھنے سے انڈسٹری پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔