عمران خان کی سیاسی حکمت عملی فیصلہ کن رائونڈ میں داخل ہو گئی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان
لاہور (ویب نیوز)
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیر نہیں ہوگی۔صوبائی اسمبلیوں سے استعفے آتے ہی پی ڈی ایم کا جعلی اتحاد بھی انتشار کی شکل اختیار کرتا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، ہم وضع دار لوگ ہیں جس کے ساتھ چلتے ہیں اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے، اسمبلیوں سے جب استعفے دئیے تو شہباز شریف کی 27 کلومیٹر کی حکومت 27 گھنٹے بھی نہیں چل سکے گی، عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیر نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے عمران خان کو ایک نئی زندگی عطا کی ہے، راولپنڈی جلسے میں عمران خان کی سیاسی حکمت عملی فیصلہ کن رائونڈ میں داخل ہو گئی ہے، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر عمران خان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، صوبائی اسمبلیوں سے استعفے آتے ہی پی ڈی ایم کا جعلی اتحاد بھی انتشار کی شکل اختیار کرتا جائے گا، ن لیگ والے شعبدہ باز جھوٹ بولنے سے باز ہی نہیں آ رہے ،آپ کو سمجھ لگ جائے گی آپ کے ساتھ الیکشن میں وہ کچھ ہو گا کہ آپ کی پشتیں بھی یاد رکھیں گی۔ چودھری پرویزالہی نے مزید کہا کہ اس ملک میں دین کی حکمرانی ہو گی اور ایسے کام ہوں گے جس سے عام اور غریب آدمی اور ان کے بچوں کو فائدہ ہوا، اس کی ابتدا پنجاب سے ہو چکی ہے کینسر کا علاج بھی انشا اللہ فری ہو گا، انشا اللہ روز ایک نئی چیز نظر آئے گی جس کا فائدہ عام آدمی غریب آدمی کو ہو گا۔ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے لکھا تھا کہ 27 جولائی کو اللہ پاک نے ہمیں سرخرو کیا تھا اور چودھری پرویز الہی کو وزیراعلی پنجاب بنایا تھا۔ اس دن کے بعد سے ہم بونس پر چل رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے ساتھ ہم اپنے وعدے پر قائم ہیں۔ جس دن ہمارے وزیراعظم عمران خان نے کہا اسی وقت انشااللہ پنجاب اسمبلی توڑ دی جائے گی۔