سعودی عرب نے پاکستان کے پاس موجود 3 بلین ڈالر ڈیپازٹ کا دورانیہ بڑھا دیا،وزیراعظم کا اظہار تشکر

سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی،شہباز شریف

ڈیپازٹس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بڑھیں گے، بیرونی ادائیگیوں کو توازن دینے اور پائیدار معاشی ترقی کا موقع دیں گے،اسٹیٹ بینک

کراچی/اسلام آباد( ویب نیوز)

سعودی عرب نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 بلین ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف  نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر واپسی کی معیاد میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی ہے۔ ڈیپازٹس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بڑھیں گے، بیرونی ادائیگیوں کو توازن دینے اور پائیدار معاشی ترقی کا موقع دیں گے۔ یاد رہے کہ ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی حمایت کا تسلسل ہے۔ ڈپازٹ کا مقصد بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بڑھانا اور COVID-19 جیسی وبائی امراض کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی اثرات کا سامنا کرنے میں پاکستان کی مدد کرنا ہے۔ نیز بیرونی شعبوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ملک کے لیے پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ یاد رہے کہ شاہی ہدایات پر عمل در آمد کرتے ہوئے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی کرتے ہوئے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ گزشتہ سال نومبر 2021 میں 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف  نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر واپسی کی معیاد میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کی تہہ دل سے قدر کرتے ہیں ، سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سے اپنی بے مثال محبت کا ثبوت دیا، سعودی عرب کے اقدام سے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔پاکستان کی معاشی خود انحصاری اولین قومی ایجنڈا ہے جس کے لئے سیاسی استحکام اور میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔