ریاض (ویب نیوز)

سعودی ولی عہد نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ڈیپازٹ 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کی ہدایت کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں ڈیپازٹ کی رقم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے 10 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری بھی کی جائے گی، ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ڈیپازٹ بڑھانے کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف اور محمد بن سلمان کے درمیان رابطوں کے تناظر میں کیا گیا۔ سعودی عرب نے 25 اگست 2022 کو پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔