• لاہورسے سیالکوٹ اور سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان تا اسماعیلیہ تک بند کر دی گئی
  • حدنگاہی انتہائی کم، قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث شہریوں کو دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

لاہور ،پشاور (ویب نیوز)

ملک کے مختلف علاقوں میں گہری دھند چھائی رہی جس کے باعث موٹرویز کئی مقامات پر بند کردی گئیں جبکہ دوٹریفک حادثات میں2افراد جاں بحق اور 14زخمی ہو گئے۔ریسکیوحکام کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقے اڈا میر شاہ میں شدید دھند کے باعث مسافربس الٹ گئی جس میں سوار 11 افراد شدید زخمی ہوئے۔حکام نے کہاکہ بس گجرات سے صادق آباد جارہی تھی جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔فیصل آباد میں ستیانہ روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 1، پشاور تا صوابی تک بند کردی گئی ، موٹر وے ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے اسلام آباد، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے خانقاہ ڈوگراں جبکہ ایم 3 فیض پور انٹرچینج سے درخانہ تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ۔پولیس حکام نے کہا کہ رحیم یارخان اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹر وے ایم 5 رحیم یار خان سے روہڑی تک بند کی گئی۔لاہورسے سیالکوٹ اور سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان تا اسماعیلیہ تک بند کر دی گئی ۔ترجمان موٹروے نے ہدایت کی ہے کہ قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے دوران شہری دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔