•  اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے 18 منٹ تاخیر سے شروع ہوا ، سابق سینیٹر نجمہ حمید کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی
  • اپوزیشن رکن طاہر خلیل سندھو کی 18 اپوزیشن ارکان کی معطلی کی شکایت پر سپیکر کا وزیر پارلیمانی امور کے ساتھ بیٹھنے کا مشورہ

لاہور (ویب نیوز)

پنجاب اسمبلی نے وزرا کی تنخواہوں، الائونسز اور مراعات کا گورنر کی جانب سے واپس بھیجا گیا ترمیمی بل دوبارہ کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے 18 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تو سابق سینیٹر نجمہ حمید کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اپوزیشن رکن طاہر خلیل سندھو نے 18 اپوزیشن ارکان کی معطلی کی شکایت کی تو سپیکر نے وزیر پارلیمانی امور کے ساتھ بیٹھنے کا مشورہ دیا۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر کے وقفہ سوالات میں سوالات جمع کرانے والے غیر حاضر تھے، لاہور سے اختر علی با کے سوال پر وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے بتایا کہ لاہور میں غازی آباد اور دیگر علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی دور کی جائے گی۔ ایوان نے معذور افراد کا خود مختاری بل، متحدہ علما بورڈ بل، پنجاب ٹرسٹس ترمیمی بل اور پرونشل موٹر وہیکل ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیے جبکہ ایوان نے وزرا کی تنخواہوں، الائونسز اور مراعات کا گورنر کی جانب سے واپس بھیجاگیا ترمیمی بل بھی دوبارہ کثرت رائے سے منظور کرلیا، اس پر اپوزیشن آوازیں اٹھاتی رہ گئی۔